نئی دہلی،19/جنوری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)بدھ کو آر بی آئی گورنر ارجت پٹیل نے پارلیمانی کمیٹی کو بتایا کہ کس طرح گزشتہ سال جنوری سے نوٹ بند ی پر بحث شروع ہو چکی تھی۔وہیں سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کچھ سوالات کے معاملے میں پٹیل کی مدد کے لیے آگے آئے ہیں۔ڈاکٹر سنگھ جو کہ وزیر اعظم اور وزیر خزانہ سے پہلے آر بی آئی کے گورنر رہ چکے ہیں، انہوں نے پٹیل کو مشورہ دیا تھا کہ ایسے کسی سوال کا جواب نہ دیں جو مرکزی بینک اور اس کی خود مختاری کے لیے پریشانی کا سبب بن جائے۔واضح رہے کہ ماہرین کا خیال ہے کہ نوٹ بند ی کے بعد آر بی آئی کی شبیہ اور اس کی خود مختاری پر برا اثر پڑا ہے۔مالی امور کی مستقل کمیٹی کے ذرائع کے مطابق، کانگریس کے ایم پی دگ وجے سنگھ نے جب پٹیل سے پوچھا کہ اگر نقد نکالنے پر لگی پابندی کو ہٹا دیا جائے،تو کیا افراتفری کا ماحول پیداہو جائے گا؟اس پر سنگھ نے پٹیل کو سمجھایا کہ آپ کو اس سوال کا جواب نہیں دینا چاہیے۔غورطلب ہے کہ حال ہی میں آر بی آئی نے اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے کی حد کو 4500یومیہ سے بڑھا کر 10ہزار روپے کر دیا ہے، تاہم ایک سیونگ اکاؤنٹ سے ہفتے میں ابھی بھی 24ہزار روپے ہی نکالے جا سکتے ہیں۔